’آپ کلائنٹس کو خطرے میں ڈال رہے ہیں‘: ٹائٹن آبدوز کے مالک نے سکیورٹی خدشات کو رد کیا تھا

’آپ کلائنٹس کو خطرے میں ڈال رہے ہیں‘: ٹائٹن آبدوز کے مالک نے سکیورٹی خدشات کو رد کیا تھا
اوشیئن گیٹ کمپنی کے مالک سٹاکٹن رش کو ٹائٹن آبدوز سے متعلق متعدد بار خدشات سے آگاہ کیا گیا لیکن انھوں نے ان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے رد کر دیا۔ یہ انکشاف ایک ماہر کی جانب سے بھیجی جانے والی ای میلز سے ہوا ہے۔

راب مککلم نے اوشیئن گیٹ کے سی ای او سٹاکٹن رش سے کہا تھا کہ وہ اپنے کلائنٹس کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور انھوں نے آبدوز کا استعمال اس وقت تک روکنے کا مشورہ دیا تھا جب تک اسے کوئی خودمختار ادارہ جانچ نہیں لیتا۔

بی بی سی نے یہ پیغامات دیکھے ہیں جن کے جواب میں سٹاکٹن رش نے کہا کہ وہ ایسے ماہرین سے تنگ آ چکے ہیں جو جدت کا راستہ روکنے کے لیے حفاظت کے موقف کو استعمال کرتے ہیں۔

راب مککلم نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ پیغامات کا یہ تبادلہ اس وقت تھم گیا تھا جب اوشیئن گیٹ کمپنی کے وکلا نے قانونی کاروائی کی دھمکی دی تھی۔

مارچ 2018 میں انھوں نے سٹاکٹن رش کو ای میل میں لکھا تھا کہ ’میرے خیال میں آپ خود کو اور اپنے کلائنٹس کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ٹائٹینک تک پہنچنے کی ریس میں آپ اسی مشہور محاورے کی مثال بن رہے ہیں کہ وہ ڈوب نہیں سکتی۔‘

اپنے جوابی پیغامات میں سٹاکٹن رش نے ٹائٹن سے جڑے خدشات اور تنقید پر مایوسی کا اظہار کی تھا۔ سٹاکٹن رش اس آبدوز میں سوار تھے جو پانچ مسافروں سمیت زیر سمندر تباہ ہو گئی ہے۔

راب مککلم نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے متعدد بار اوشیئن گیٹ کمپنی کو مشورہ دیا کہ وہ کمرشل استعمال سے پہلے ٹائٹن کے لیے منظوری لیں۔ ٹائٹن آبدوز کو سرٹیفائی نہیں کیا گیا تھا۔

ایک ای میل پیغام میں راب نے لکھا کہ ’جب تک کسی آبدوز کو ٹیسٹ نہیں کر لیا جاتا، اس کو کمرشل ڈیپ ڈائیو کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔‘

’میں زور دیتا ہوں کہ آپ ٹیسٹنگ میں ہر ممکن احتیاط سے کام لیں اور ایک جانب جہاں میں جدت کا مداح ہوں، آپ پوری انڈسٹری کو خطرے سے دوچار کر رہے ہیں۔‘

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *