(ن) لیگ کا مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے فارغ کرنے کا فیصلہ

(ن) لیگ کا مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے فارغ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کےمطابق پارٹی قیادت نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر محمد شاہ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ سندھ کے سیکرٹری اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو بھی عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پارٹی کی جانب سے دونوں عہدیداران کو فارغ کیے جانے کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔

مفتاح اسماعیل کی پارٹی سے ناراضگی موجودہ دور حکومت میں اس وقت سامنے آئی جب حکومت نے مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹاکر اسحاق ڈار کو وزارت دینے کا فیصلہ کیا۔

مفتاح اسماعیل (ن) لیگ کی طرف سے دو بار وزیر خزانہ رہ چکے ہیں جس میں وہ پہلی مرتبہ شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں وزیر خزانہ رہے جب کہ دوسری بار پی ڈی ایم حکومت میں شہباز شریف کی کابینہ میں وزیر خزانہ رہے۔

مفتاح اسماعیل نے اسحاق ڈار کی معاشی پالیسیوں کو کئی بار تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ انہوں نے آئی ایم ایف سے ڈیل کو لے کر بھی کئی بار وزیر خزانہ کو آڑے ہاتھوں لیا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی کئی مرتبہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا ترکی بہ ترکی جواب دے چکے ہیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *