چاند کی سطح کے اندر کیا ہے؟، سائنسدانوں نے پتہ لگالیا

سائنسدانوں نے اس سوال کا جواب جان لیا ہے کہ چاند کس چیز سے بنا ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق چاند کی اندرونی سطح ایک ٹھوس گیند کی طرح ہے جس کی کثافت آئرن سے ملتی جلتی ہے۔

جرنل نیچر میں شائع نئی تحقیق کے مطابق نظام شمسی کے سیاروں اور چاندوں کی اندرونی سطح کے بارے میں جاننے کیلئے زلزلے کے ڈیٹا سے مدد لی جاتی ہے، زلزلے کی لہروں سے کسی سیارے یا چاند کے اندر موجود دھاتوں کے بارے میں جاننے کا موقع ملتا ہے۔

چاند کی اندرونی سطح ٹھوس ہے یا سیال؟، اس پر طویل عرصہ سے بحث جاری ہے، جس کا جواب جاننے کیلئے فرانس کے نیشنل سینٹر فار سائنٹیفک ریسرچ سے تعلق رکھنے والے محققین نے خلائی مشنز اور چاند پر کئے گئے لیزر تجربات کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے۔

چاندسے حاصل ڈیٹا اور مختلف اقسام کی دھاتوں کی سطحوں سے تیار ماڈل کا موازنہ کیا گیا، جس کے نتائج میں کئی انکشافات ہوئے۔

محققین نے بتایا کہ تجربات کے نتائج سے تصدیق ہوتی ہے کہ چاندکی اندرونی سطح زمین جیسی ہے اور اس سے چاند کے ارتقاء پر اثرات مرتب ہوئے ہیں، اس سطح کی کثافت 7 ہزار 822 کلوگرام فی کیوبک میٹر ہے جو کہ آئرن کی کثافت سے ملتی جلتی ہے۔

سائنسدانوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ چاندکی سطح کے نیچے ایک سیال تہہ موجود ہے جس کے بعد ٹھوس اندرونی سطح تک رسائی ہوتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *