اٹلی نے پاکستانیوں کو کام کے لیے ویزا کا اجرا شروع کردیا

اٹلی نے پاکستانیوں کو کام کے لیے ویزا کا اجرا شروع کردیا


اسلام آباد: اٹلی کی حکومت نے سال 23-2022 کے لیے “ڈیکریٹو فلوسی” نامی سالانہ ورک ویزا کے تحت پاکستانی شہریوں کے لیے موسمی اور غیر موسمی ورک ویزا دوبارہ کھول دیے ہیں۔اطالوی حکومت کی جانب سے پاکستان سمیت کچھ غیر یورپی یونین کے ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو ہزاروں ورک ویزے جاری کیے جائیں گے، اٹلی میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے بورڈ آف انویسٹمنٹ میں منتقل کردہ تفصیلات کے مطابق زراعت، سیاحت، تعمیرات اور فریٹ فارورڈنگ سیکٹر کے پاکستانی مزدور اور کارکن اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔روم میں اپنے سفارتخانے کی مستقل کوششوں کے نتیجے میں 2 سال کے وقفے کے بعد پاکستان کو ویزا کے اس زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ سفیر جوہر سلیم نے اس موقع پر کہا کہ بریگزٹ کے بعد اٹلی یورپی یونین میں پاکستانیوں کی سب سے زیادہ میزبانی کرتا ہے جنہوں نے 20-2019 میں ترسیلات زر کی مد میں 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر بھیجے۔انہوں نے کہا کہ اٹلی میں دو سال قبل اس سہولت کو واپس لینے کے بعد سے ہی اٹلی کی پاکستانی برادری موسمی کارکنوں کے ویزا کے اہل ممالک کی فہرست میں پاکستان کو دوبارہ شامل کرنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے، سفیر جوہر سلیم نے مزید کہا کہ اطالوی منڈی میں پاکستانی کارکنوں کی مانگ خصوصاً زرعی شعبے میں مستقل بڑھ رہی ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ موجودہ اسکیم کے تحت سیکڑوں پاکستانی کارکنان اٹلی میں فائدہ مند روزگار حاصل کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *