راناثناء اللہ نے کہا کہ یا آپ ہیں یا ہم؟ صحافی کا عمران خان سے سوال

راناثناء اللہ نے کہا کہ یا آپ ہیں یا ہم؟ صحافی کا عمران خان سے سوال
اس کی کیا حیثیت ، کس کا نام تم نے لے لیا، چئیرمین پی ٹی آئی کا جواب، سیاستدانوں سے بات چیت سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز

Shiraz

اسلام آباد (27 مارچ 2023ء) سابق وزیراعظم عمران خان نے سیاسی مفاہمت اور سیاستدانوں سے بات چیت سے متعلق سوال پر جواب دینے سے گریز کیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ سیکیورٹی سے مطمئن ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ سیکیورٹی تو ہے ہی ہی نہیں، سیکیورٹی تو صرف اپنی ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ اب آپ صحتیاب ہو گئے ہیں، کیا کوئی مذاکرات کریں گے؟ پاکستان اور عوام کو سیاسی مفاہمت اور سیاستدانوں کی بات چیت کی ضرورت ہے۔اس پر عمران خان نے جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میں اس پر بات نہیں کرنا چاہتا۔ صحافی نے سوال کیا کہ راناثناء اللہ نے کہا کہ یا آپ ہیں یا ہم؟ اس پر چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا اس کی کیا حیثیت ، کس کا نام تم نے لے لیا۔دوسری جانب عمران خان نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے بیان کیخلاف عدالت سے رجوع کر لیا۔ عمران خان نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں وزیر داخلہ،آئی جی،چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ رانا ثناء اللہ کا بیان دھمکی آمیز ہے،گھناؤنے منصوبے کے تحت عمران خان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روکا جائے۔ یاد رہے کہ رانا ثناء اللہ نے گزشتہ روز ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ عمران خان مرنے مارنے کے علاوہ کوئی دوسری بات نہیں کر رہے،ہم نے بھی ہاتھوں میں چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں۔بات ’’اب پوائنٹ آف نو ریٹرن ‘‘ تک پہنچ گئی ہے،عمران خان نے اپنے دور میں ہمارے وجود کی نفی کے لیے ہر حربہ استعمال کیا ،وزیر آباد حملے کا مقدمہ بھی ہمارے خلاف درج کروانے کی کوشش کی، یہ ایک فتنہ ہے جیسے ووٹ کی طاقت سے مائنس کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے انہیں چارٹر آف اکانومی کی دعوت دی،آگے سے گالیاں ملیں۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو دشمنی میں بدل دیا ہے اگر وہ دشمنی کرے گا تو ہم بھی اس کے ساتھ ایسا ہی کریں گے ہم نے بھی ہاتھوں میں چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *