UK News

لندن (پی اے) سویلا بریورمین نے کہا ہے کہ برطانیہ کا سیاسی پناہ کا نیا منصوبہ لوگوں کو برطانیہ میں رہنے کے لئے غیر قانونی طریقے اختیار کرنے سے روک دے گا۔ وزیر داخلہ نے بی بی سی کو بتایا کہ برطانیہ میں چھوٹی کشتیوں میں آنے والے تارکین وطن کی کافی تعداد موجود ہے۔ وہ نئی قانون سازی کا دفاع کر رہی تھیں، جس کا مقصد غیر قانونی طور پر چینل عبور کرنے والےتمام تارکین وطن کو روکنا ہے۔ لیبر کی ویٹ کوپر نے وزرا پر الزام لگایا کہ وہ اس معاملے کو مزید انتشار کا شکار بنا رہے ہیں۔ منگل کو اعلان کردہ نئی تجاویز کے تحت جو بھی غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہوتا پایا گیا اسے نہ صرف28دنوں کے اندر برطانیہ سے نکال دیا جائے گا بلکہ مستقبل میں برطانوی شہریت کا دعویٰ کرنے یا واپس آنے سے بھی روک دیا جائے گا۔ چھوٹی کشتیوں میں آنے والوں کو یا تو ان کے آبائی ملک واپس کر دیا جائے گا یا پھر روانڈا کی طرح کسی دوسرے محفوظ ملک بھجوا دیا جائے گا۔ ٹوڈے پروگرام میں نئی پالیسی کے قابل عمل ہونے اور تارکین وطن کو کہاں بھیجے جانے کے سوال پر محترمہ بریورمین نے کہا کہ وہ اس سال تقریباً 40,000 یا اس سے زیادہ لوگوں کے چینل کو عبور کرنے کی توقع رکھتی ہیں لیکن تسلیم کیا کہ تعداد 80,000 ہونےکا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا برطانیہ پہنچنے والے تارکین وطن کو روانڈا بھیجنے کا معاہدہ غیر محدود تھا اور ممکنہ طور پر ہزاروں افراد بھجوائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں لوگوں کو وہاں منتقل کرنے اور محفوظ زندگی کی ضرورت ہو تو کافی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ لوگوں کو حراست میں لینے کی اپنی صلاحیت بڑھانے کا بھی منصوبہ بنا رہا ہے لیکن اس بات پر زور دیا کہ نیا قانون لوگوں کو پہلی جگہ کراسنگ کرنے سے روکے گا۔ اگر آپ آسٹریلیا جیسے دوسرے ممالک کو دیکھیں، ایک بار جب وہ لوگوں کو آسٹریلیا کے علاقے سے دور رکھنے میں کامیاب ہو گئے، تو درحقیقت انہوں نے سفر کرنے والوں کی تعداد میں ڈرامائی کمی دیکھی۔ تاہم چونکہ گزشتہ اپریل میں برطانیہ کے کچھ پناہ گزینوں کو روانڈا بھیجنے کے منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا، ابھی تک کسی کو روانڈا نہیں بھیجا گیا اور انسانی حقوق کے گروپوں کی جانب سے ان منصوبوں کو قانونی طور پر چیلنج کیا جا رہا ہے۔ لیبر ایم پی یوویٹ کوپر نے کہا کہ یہ منصوبے مسائل کو مزید خراب کر دیں گے اور اسے مزید افراتفری کا شکار کر دیں گے۔ انہوں نے ٹوڈے کو بتایا کہ وہاں واپسی کے کوئی معاہدے نہیں ہیں، یعنی وہاں ہزاروں لوگوں کو پناہ دینے کی جگہ اور ہوٹل ہوں گے۔ محترمہ کوپر نے وزرا پرغیر ذمہ دارانہ ہونے کا الزام بھی لگایا۔ اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے نے اس اقدام کو انتہائی تشویشناک قرار دیا ہے۔ برطانیہ میں یو این ایچ سی آر کے نمائندے وکی ٹینینٹ نے بی بی سی نیوز نائٹ کو بتایا کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہوگا۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ پناہ گزینوں کے کنونشن کی واضح خلاف ورزی ہے۔ پناہ گزین کنونشن، جس پر پہلی بار 1951 میں اتفاق ہوا، ایک کثیر جہتی معاہدہ ہے، جو یہ طے کرتا ہے کہ پناہ گزین کے طور پر کون اہل ہے اور ان کے تحفظ کے لئے دستخط کرنے والے ممالک کی ذمہ داریاں ہیں۔ محترمہ بریورمین نے کنزرویٹو ایم پیز کو لکھا ہے کہ 50 فیصد سے زیادہ امکان ہے کہ قانون سازی یورپی عدالت برائے انسانی حقوق (ای سی ایچ آر) کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتی اور توقع ہے کہ اسے قانونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بی بی سی بریک فاسٹ کو بتایا کہ ان کے اقدامات قانونی، متناسب اور ہمدردانہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء قانونی ذمہ داریوں کی حدود کو جانچنا چاہتے ہیں لیکن ان کا خیال ہے کہ ان کے منصوبے ان حدود میں ہیں۔ یہ فرانس یا کسی دوسرے محفوظ ملک سے آنے والے زیادہ تر لوگوں کو پناہ کا دعوی کرنے کے حق سے انکار کرتا ہے، چاہے ان کے پاس ایسا کرنے کا کوئی کیس ہو اور وزیرداخلہ پر یہ فرض عائد کرتا ہے کہ وہ انہیں جلد از جلد برطانیہ سے نکالے۔ برطانیہ سے نکالے گئے لوگوں کو مستقبل میں واپس آنے یا برطانوی شہریت حاصل کرنے سے روک دیا جائے گا۔ تارکین وطن کو حراست کے پہلے 28 دنوں تک ضمانت نہیں ملے گی اور نہ ہی وہ عدالتی جائزہ لینے کے قابل ہوں گے۔ پناہ گزینوں کی تعداد محدود ہوگی۔غیر قانونی طور پر برطانیہ آنے والوں کو حراست میں لے کر انہیں روانڈا یا کسی میں بھیجنا وزیر داخلہ پر فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا قانون منگل سے غیر قانونی طور پر برطانیہ پہنچنے والے ہر فرد پر لاگو ہوگا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *