لاہور بھر میں کنٹینرز کے ذریعے راستے بلاک کیے جانے کے باوجود ہزاروں افراد مینار پاکستان پہنچ گئے

لاہور بھر میں کنٹینرز کے ذریعے راستے بلاک کیے جانے کے باوجود ہزاروں افراد مینار پاکستان پہنچ گئے
تحریک انصاف کے کئی رہنما اپنے قافلوں کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچ گئے، عمران خان بھی جلسے میں شرکت کیلئے زمان پارک سے روانہ ہو گئے


لاہور (25 مارچ 2023ء) لاہور بھر میں کنٹینرز کے ذریعے راستے بلاک کیے جانے کے باوجود ہزاروں افراد مینار پاکستان پہنچ گئے، تحریک انصاف کے کئی رہنما اپنے قافلوں کے ہمراہ جلسہ گاہ پہنچ گئے، عمران خان بھی جلسے میں شرکت کیلئے زمان پارک سے روانہ ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے لاہور میں مینار پاکستان کو جانے والے ہر راستے کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیے جانے کے باوجود جلسہ گاہ میں ہزاروں افراد کا سمندر امڈ آیا۔جلسے میں شرکت کیلئے بچے، بزرگ، خواتین، نوجوان بڑی تعداد میں مینار پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان بھی زمان پارک سے ہزاروں کارکنوں کے ہمراہ مینار پاکستان کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ عمران خان بلٹ پروف گاڑی میں سوار ہیں، جبکہ ہزاروں افراد ان کی گاڑی کے ساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ عمران خان رات 12 بجے جلسے سے خطاب کریں گے۔ جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہفتے کی شام کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے 1600کارکنان کو پکڑ لیا گیا، ہمارے لوگوں کو اغواء کیا جارہا ہے، یہ مینار پاکستان کا جلسہ فلاپ کرنا چاہتے ہیں،یہ ہرحربہ استعمال کررہے ہیں لیکن عوام نکلیں گے۔ عوام نماز تراویح کے بعد مینار پاکستان پہنچیں گے، یہ آج اپنی آنکھوں سے لاہور کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ دیکھیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ جوقوم بڑی شان سے آزاد ہوئی تھی ان لوگوں نے آزادی ختم کردی۔ لوگ آٹے کی لائنوں میں مر رہے ہیں، آج سب کو بتاؤں گا کہ دلدل سے کیسے نکلنا ہے، آج سارا روڈ میپ بتاؤں گا کہ کیا ہوا۔ کارکنان پر ایسے تشدد کیا جارہا جیسے یہ کوئی فلسطین اور مقبوضہ کشمیر ہو۔ اسی طرح وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان جلسے کی اجازت کے باوجود رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں،پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے،یہ خوف نہیں تو اور کیا ہے؟ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز جب جلسہ گاہ جاتی ہیں،تو کیا رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں،پی ٹی آئی کارکنوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟ جلسے میں عمران خان کا آج کا پیغام بہت اہم ہو گا،عمران خان لاہور کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *