نوٹنگھم کے مختلف علاقوں میں حملے

نوٹنگھم کے مختلف علاقوں میں حملے

لندن ( وجاہت علی خان ) برطانیہ کے شہر ناٹنگھم کے سٹی سنٹر میں تین افراد کی ہلاکت کے بعد قتل کے شبے میں ایک31سالہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ایک دوسرے واقعہ میں مزید تین افراد کو گاڑی سے کچل کر زخمی کردیا گیا۔ ناٹنگھم شائر پولیس نے کہا ہے کہ اس واقعے کے بعد مرنے والے لوگوں کو سٹریٹ پر ہی چھوڑ دیا گیا تھا، جبکہ ایک اور واقعہ میں وین نے دوسروں پر چڑھنے کی کوشش بھی کی، پولیس کے مطابق ایک 31 سالہ شخص کو قتل کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ یہ واقعات آپس میں جڑے ہوئے ہیں، کاؤنٹر ٹیررازم پولیس تفتیش میں مدد اور اس کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ حملے کے کئی گھنٹے بعد بھی پولیس باقاعدہ تفتیش کر رہی ہے۔ مذکورہ حادثہ منگل کی صبح 4 بجے کے فوراً بعد ہوا،ابھی تینوں حملوں کو دہشت گردی کا واقعہ قرار نہیں دیا گیا ، پولیس فوری طور پر گرفتار شخص کے پس منظر کی تحقیقات کر رہی ہے کیونکہ وہ مقصد کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس مشتبہ شخص کے استعمال کردہ کسی بھی فون یا کمپیوٹر کو تلاش کرنے کی کوشش بھی کر رہی ہے۔ ان واقعات کی وجہ سے پولیس کا زبردست ردعمل سامنے آیا۔ ناٹنگھم کے مرکز ی علاقے کے ارد گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور شہر کے ٹرام نیٹ ورک کو بھی بند کر دیا گیا، ایک بیان میں ناٹنکھم شائر پولیس نے کہا کہ ہمیں صبح 4 بجے کے بعد ایلکسٹن روڈ پر بلایا گیا جہاں دو افراد گلی میں مردہ پائے گئے تھے۔ اس کے بعد افسروں کو ملٹن سٹریٹ میں ایک اور واقعہ کے لیے بلایا گیا جہاں ایک وین نے تین افراد پر چڑھ دوڑنے کی کوشش کی تھی جو اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں، مگدلہ روڈ سے بھی ایک شخص کی لاش ملی ہے، پولیس نے گرفتار شخص کا نام اور قومیت ابھی نہیں بتائی۔ ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ اس نے صبح 4 بجے کے قریب نوٹنگھم میں برائٹ سٹریٹ کے سنگم کے قریب ایلکسٹن روڈ پر ایک نوجوان مرد اور نوجوان عورت پر چاقو سے وار ہوتے دیکھا۔ اس شخص نے جس نے اپنا نام نہیں بتایا اس نے کہا میں نے “خوفناک، خون آلود چیخیں” سنیں اور اپنی کھڑکی سے باہر جھانک کر دیکھا کہ ایک سیاہ فام آدمی سیاہ لباس میں ملبوس ہے اور کچھ لوگوں سے جھگڑ رہا ہے۔ اس نے بتایا میں نے حملہ آور کو پہلے مرد اور پھر عورت پر وار کرتے دیکھا۔مرد سڑک کے بیچوں بیچ گر گیا جبکہ عورت مدد کے لئے پکارتی ہوئی ٹھوکر کھا کر ایک مکان کی طرف بڑھی اور اگلے ہی لمحے وہ میری نظروں سے اوجھل ہو گئی۔ یہ سب کچھ پانچ یا چھ منٹ کے اندر ہو ا۔ پھر میں نے پولیس کو بلایا، جو پانچ منٹ کے اندر پہنچ گئی۔ اس سے پہلے پیرامیڈیکس نے 40 منٹ تک اس جوڑے کی زندگی بچانے کی کوشش کی ۔ ساڑھے پانچ بجے میں نے دیکھا کہ ایک سفید وین نمودار ہوئی اس کے پیچھے پولیس کی ایک گاڑی تھی جو آہستہ آہستہ آ رہی تھی۔ ڈرائیور کی سیٹ پر بیٹھے شخص نے اپنے آئینے میں اپنے پیچھے پولیس کی گاڑی کو دیکھا اور بھر وین آگے لے گیا، ناٹنگھم شائر پولیس کے چیف کانسٹیبل کیٹ مینیل نے کہا یہ ایک ہولناک اور المناک واقعہ ہے جس میں تین افراد کی جانیں گئیں۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ تینوں واقعات آپس میں جڑے ہوئے ہیں اور ہمارے پاس ایک شخص زیر حراست ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جو سڑکیں بند رہیں ان میں ایلکسٹن روڈ، ملٹن اسٹریٹ، مگدالا روڈ، میپلس اسٹریٹ اور ووڈبورو روڈ مگدالہ روڈ کے جنکشن سے شہر میں داخل ہونے کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ سٹریٹ کے میڈ ماریان وے جنکشن شامل ہیں۔دوسری جانب وزیر اعظم رشی سونا ک نے اس واقعہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں ناٹنگھم میں ہونے والے چونکا دینے والے واقعہ پر پولیس اور ایمرجنسی سروسز کے فوری رسپانس کے لیے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *