سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو  ساڑھے 4 بجے تک پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد:  سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو  ساڑھے 4 بجے تک پیش کرنے کا حکم دے دیا جس کے بعد پولیس سابق وزیراعظم کو لے کر عدالت روانہ ہوگئی۔

عمران خان کی سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کا انسداد دہشتگردی اسکواڈ عدالت کے اطراف موجود ہے جب کہ پولیس کی جانب سے عدالت کے باہر سے غیر معینہ گاڑیوں کو بھی ہٹادیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ میں عمران خان کی گرفتاری کو گزشتہ روز چیلنج کیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ہائیکورٹ کا عمران خان کی گرفتاری قانونی قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے اور عمران خان کو عدالت کے سامنے پیش کرنےکا حکم دیا جائے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ سماعت کررہا ہے۔

سماعت کے آغاز پر عمران خان کے وکیل حامد خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ آئے تھے، وہ بائیو میٹرک کرارہے تھے جب رینجرز کمرے کا دروزاہ توڑ کر داخل ہوئی تو انہوں نے عمران خان کے ساتھ بدسلوکی کی اور ان کو گرفتار کر لیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *