عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف کیسوں کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی

سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف عدت کے دوران نکاح کے الزام سے متعلق کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی، دوسری طرف توشہ خانہ فوجداری کیس کی جلد سماعت کیلئے الیکشن کمیشن کی درخواست پر بھی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف عدت کے دوران نکاح کے کیس کی سماعت مقرر تھی۔ گواہ مفتی سعید کے عمرہ پر ہونے کی وجہ سے بیان ریکارڈ نہ ہو سکا۔

سینئر سول جج نصر من اللہ بلوچ نے سماعت 28 اپریل تک ملتوی کردی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف درخواست شہری محمد حنیف نے دائر کر رکھی ہے۔

دوسری طرف،عمران خان کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی جلد سماعت کیلئے الیکشن کمیشن کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں فریقین کے وکلاء نے دلائل دینے تھے۔

عدالت نے عمران خان کو بھی پیشی پر طلب کر رکھا تھا، نوٹس تعمیل کی پولیس رپورٹ عدالت میں جمع نہ کرائی جاسکی۔

تحریک انصاف کی جانب سے جونیئر وکیل نے پیش ہو کر بتایا کہ ہمارے کسی سینئر وکیل اور نہ ہی،عمران خان کو کوئی نوٹس ملا۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کیس کی سماعت 11 اپریل تک ملتوی کردی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *