Education News

مظفرآباد(پی آئی ڈی)07 مارچ2023
یونیسف کے کنٹری نمائندہ عبداللہ اے فادل کی وفد کے ہمراہ آزادکشمیر کے وزیر ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی چغتائی سے ملاقات۔ آزادکشمیر میں تعلیم کے شعبہ میں یونیسف کے تعاون کو مزید بہتر بنانے اور یونیسف کے ورک پلان میں ایجوکیشن سیکٹر کی ترجیحات کو شامل کرنے کا فیصلہ۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری تعلیم قاضی عنایت، کنٹری کنسلٹنٹ ڈاکٹر جاسم انور، چیف پلاننگ ایجوکیشن ظفر اقبال سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی چغتائی نے کہا کہ یونیسف نے ماضی میں بھی آزادکشمیر کے شعبہ تعلیم کی بہتری کے لیے بہترین کام کیا ہے۔ یونیسف کے وفد کو آزادکشمیر آمد اور ہماری ترجیحات کا تعین کر کے اسے ورک پلان میں شامل کرنے پر حکومت آزادکشمیر آپکی شکر گزار ہے۔ ہم آزادکشمیر میں کوالٹی آف ایجوکیشن پر فوکس کر رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ چار پانچ سالوں میں ہمارا کوئی بھی بچہ ایسا نہ ہو جو سکول نہ جاتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی ایجوکیشن پالیسی منظور کروالی ہے۔ جس پر عملدرآمد کے لیے ہمیں یونیسف کا تعاون درکار ہوگا۔ ہم نے ایجوکیشن پالیسی میں پائیدار ترقی کے اہداف کو بھی ٹارگٹ کیا ہے۔ ہم ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن کی پالیسی بھی جلد کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کریں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ یونیسف تعلیم کے شعبہ میں ہماری ترجیحات کے حصول کے لیے ہماری معاونت کرے اور نیوٹریشن کے لیے بھی محکمہ تعلیم کو سپورٹ کرے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یونیسف کے کنٹری نمائندہ عبداللہ اے فادل نے کہا کہ یونیسف پاکستان میں کئی دہائیوں سے کام کررہی ہے۔ زلزلہ 2005کے بعد یونیسف نے آزادکشمیر میں کام کو وسعت دی۔ تعلیم کا شعبہ یونیسف کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم اگلے چار سے چھ ہفتوں میں آزادکشمیر کے لیے اپنے ورک پلان کو حتمی شکل دیں گے جس کے بعد محکمہ تعلیم کے ساتھ ورک پلان شیئر کیا جائے گا تاکہ محکمہ کی ترجیحات کو ورک پلان کا حصہ بنایا جا سکے۔ ہم نے یہاں سرکاری سکول کا دورہ کیا جس میں دستیاب سہولیات اور طالبات کی قابلیت ہمارے لیے متاثر کن تھی۔ آزادکشمیر کی شرح خواندگی بھی کافی بہتر ہے جس پر ہمیں خوشی ہے۔ ہم آزادکشمیر کے شبہ تعلیم میں کپیسٹی بلڈنگ اور پالیسی پر عملدرآمد کے لیے بھرپور معاونت کر یں گے اور حکومت آزادکشمیر کے ساتھ یونیسف ماضی کی طرح کام جاری رکھے گی۔ دریں اثناء وفد نے سکل ڈویلپمنٹ سینٹر مانک پیاں کا دورہ کیا اور وہاں مقامی طور پر تیار کی گئی مصنوعات میں دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور سینٹر میں کام کرنے والی خواتین کی صلاحیتوں کو سراہا۔دریں اثناء وفد نے یونیسف کے تعاون سے قائم سکول کا معائنہ بھی کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *