مائیگریشن کی بڑی لہر سے بچنے کیلئے یورپین

برسلز (حافظ اُنیب راشد) مائیگریشن کی بڑی لہر سے بچنے کیلئے یورپین یونین نے تیونس کیلئے بڑے مالیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے اٹلی اور نیدرلینڈز کے وزرائے اعظم کے ہمراہ تیونیزیا کے دارالحکومت تیونس میں صدر قیس سعید کے سامنے کیا ۔ اس پیکیج کے تحت بڑی مالی امداد کے ذریعے دونوں فریقین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مظبوط بنانے کیساتھ ساتھ توانائی کی پیداوار میں شرکت اور ترسیل میں آسانی، عوام کے عوام سے رابطے اور تیونیزیا سے مائیگرینٹس کی یورپین سرزمین پر آمد کی روک تھام میں تعاون کرینگے ۔ اس حوالے سے یورپ تیونس کو چھوٹے کاروباروں کیلئے 900ملین اور بجٹ سپورٹ کیلئے 150ملین یورو فراہم کریگا۔ علاوہ ازیں آئی ایم ایف بھی تیونیزیا کو 1.9ارب ڈالر کا قرضہ دے گا۔ اس دورے میں اعلان کیا گیا کہ یورپ ارد گرد کے 11میڈیٹیرین ممالک کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے میڈوسا سب میرین کیبل پراجیکٹ میں بھی تیونیزیا کو شامل کیا جائے گا۔ اسی طرح تیونیزیا کی قابل تجدید توانائی بنانے کی بڑی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے اور پھر اسے اٹلی کو فراہم کرنے میں بھی تعاون کیا جائے گا۔ یورپین کمیشن کی صدر نے مزید اعلان کیا کہ وہ انسانی اسمگلرز کے مذموم کاروباری ماڈل کو توڑنے کیلئے انسداد اسمگلنگ آپریشنل پارٹنر شپ پر مل کر کام کریں گے۔اور تیونیزیا کو سرحدی انتظام اور مائیگرینٹس کی تلاش اور ان کی واپسی کیلئے اضافی 100ملین یورو فراہم کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ لیبیا کے بعد اب تیونس ، یورپ میں داخل ہونے کیلئے آنے والے تارکین وطن کی بڑی تعداد کی دلچسپی کا مرکز ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *