وفاقی وزیر مذہبی امور نے حج پر جانے والے افراد کو خوشخبری سنا دی

وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ حج 2023 کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، سرکاری سکیم کے تحت جانے والے عازمین قربانی کے اضافی پیسے ادا نہیں کریں گے،عازمین حج کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔

اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ وزارت میں آئے ہوئے انہیں ایک مہینہ ہوا ہے، حج 2023 کے حوالے سے بعض امور تاخیر کا شکار تھے مگر دن رات محنت کر کے تمام تر انتظامات اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال حج آسان تھا، گزشتہ سال سرکاری کوٹے کے تحت 34 ہزار اور پرائیوٹ سکیم کے تحت 47ہزار عازمین نے فریضہ

حج کی سعادت حاصل کی تھی، اسی طرح دنیا بھر سے 8 لاکھ 50 ہزار افراد حج کیلئے آئے تھے۔

انہوں نے کہاکہ رواں سال صورتحال مختلف ہے، رواں سال پوری دنیا سے 20 لاکھ افراد فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ 10 لاکھ کے قریب مقامی لوگ بھی ہوں گے، اس لئے گزشتہ سال کی طرح رواں سال حج مشکل ہوگا تاہم میں یقین دلاتا ہوں کہ انتظامات اور سہولیات کے حوالے سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان کو ایک لاکھ 79 ہزار حاجیوں کا کوٹہ ملا ہے، 85 ہزار عازمین سرکاری اور 89 ہزار نجی شعبے کے تحت حج ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حج کیلئے انتظامات کے حوالے سے دن رات محنت کی گئی ہے، وزارت کا عملہ مسلسل مصروف ہے، ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے، میڈیا کسی بھی کمی کی نشاندہی کرے اس کا ازالہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سال حج کیلئے اخراجات 11 لاکھ 75 ہزار روپے تھے، ہم نے کوشش کی ہے کہ اس میں کمی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکیم کے تحت حج کرنے والے افراد قربانی کیلئے اضافی پیسے ادا نہیں کریں گے، اس کیلئے طریقہ کار وضع کر لیا گیا ہے۔

 

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *